پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کےنئے چیئرمین نے کہا ہےکہ دوطرفہ کرکٹ میچوں کی بحالی کی خاطراُن کے ملک کی ٹیم اگلے سال بھارت کا دورہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
دبئی میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل( آئی سی سی) کےعہدے داروں سے ملاقات کے لیے اتوار کو روانگی سےقبل کراچی میں صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے، ذکا اشرف نے بتایا کہ اُنھوں نے اِس سلسلے میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کے نام ایک خط میں اُن سے ’جلد سے جلد‘ دوطرفہ کرکٹ کے تعلقات بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
’بھارت اور پاکستان کے لیے بہت ضروری ہے کہ وہ دو طرفہ میچ کھیلیں اور اِس مقصد کے حصول کے لیے اگر ضروری ہوا تو ہم آئندہ سال اپنی ٹیم بھارت بھیجنے کو تیار ہیں۔‘
بھارت نے سنہ2008 میں ممبئی میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے کھیل کے رابطے معطل کردیے تھے، جِن کی منصوبہ بندی مبینہ طور پر پاکستانی سرزمین پر کی گئی تھی۔ بھارتی حکام نے سنہ2009 میں اپنی ٹیم کا دورہ پاکستان بھی منسوخ کردیا تھا، جِس میں ایک مکمل ٹیسٹ سیریز کھیلی جانی تھی۔
آئی سی سی کے مستقبل کے کرکٹ پروگرام کے مطابق پاکستان نے آئندہ سال مارچ اور اپریل میں بھارت کا دورہ کرنا ہے ،لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ اب تک اس موقف پر قائم رہا ہے کہ اُسے پہلےسنہ2009 کے بھارتی ٹیم کے دورے کی منسوخی  کے باعث  ہونے والے نقصانات کی ادائگی کی جائے۔
پی سی بی کے چیئرمین نے کہا کہ کرکٹ کے کھیل نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہتر کرنے میں ہمیشہ ایک مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ’میں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سے درخواست کی ہے کہ وہ اِس سیریز کو جلد سے جلد حتمی شکل دیں۔‘